صنعاء،31/جنوری (آئی این ایس انڈیا)یمن میں سیکورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہفتے کی شام مارب شہر میں حوثی ملیشیا کا ایک جاسوس گروپ پکڑا گیا ہے۔ گروپ 8 خواتین پر مشتمل ہے۔
العربیہ نیوز چینل نے مذکورہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ خواتین کے گروپ کے قبضے سے انفرادی بارودی سرنگیں اور 'جی پی آر ایس' آلات برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خواتین کے اس گروپ کی گرفتاری پورے ایک ماہ تک جاری رہنے والے انٹیلی جنس تعاقب کے بعد مارب شہر کے وسط میں ایک گھر سے ہوئی۔
یمن کی وزارت دفاع نے کچھ عرصہ قبل حوثی ملیشیا کے لیے کام کرنے والے ایک جاسوس گروپ کے اعترافی بیانات پیش کیے تھے۔ ان اعترافات میں ایران اور دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی موجودگی کی تصدیق کی گئی تھی۔ یہ عناصر حوثیوں کے واسطے میزائل فورس کو چلا رہے ہیں۔ اس کے ذریعے مارب میں شہریوں اور عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
اعترافی بیانات سے ثابت ہو چکا ہے کہ حوثی ملیشیا کی سینئر قیادت میزائلوں کے ذریعے براہ راست نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ یہ کارروائیاں ایران اور دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے زیر انتظام اداروں کے ذریعے عمل میں آتی ہیں۔ ان کارروائیوں میں شہریوں کے گھروں، مساجد اور بازاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
گذشتہ برس ستمبر میں مارب شہر میں ایک فوجی عدالت نے پانچ افراد کے خلاف سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا۔ ان افراد پر حوثی ملیشیا کے لیے جاسوسی اور یمنی فوج کے افسران کے خلاف قتل کی کارروائیاں انجام دینے کے الزامات تھے۔